February 19, 2023

Ghazal

 ‏🌷🌷🌷غزل 🌷🌷🌷


دل کی شاخوں پہ چٹکتے ہیں ترے پیار کے پھول

پھر سے مہکے ہیں شناسائی کے اسرار کے پھول


کس کے لہجے کا ترنم ہے مرے مصرعوں میں

کس کی خوشبو کے طلبگار ہیں اشعار کے پھول


ایک سناٹے کا عالم ہے مگر بولتا ہے

کھِل رہے ہیں مری خاموشی میں گفتار کے پھول


ایک پرچھائیں ہے آنکھوں میں کسی وعدے کی

اور بالوں میں سجے رہتے ہیں اقرار کے پھول


آج پھر بھیج دیے دوشِ صبا پر اس نے

سرخ ملبوس میں لپٹے ہوئے اصرار کے پھول


روشنی وصل کی پھیلی ہے جڑوں میں شاید

ہجر کی رات میں لَو دیتے ہیں اس بار کے پھول


روشنی، حرفِ جنوں، دیدۂ حیراں نیلمؔ

ہر طرف بکھرے پڑے ہیں مرے آزار کے پھول


‎#نیلم_بھٹی


🌷🌷🌷🌷🌷🌷

No comments:

Post a Comment