April 19, 2023

 نظم اُلجھی ہوئی ہے سینے میں

شعر اٹکے ہوئے ہیں ہونٹوں پر
لفظ کاغذ پہ بیٹھتے ہی نہیں
اُڑتے پھرتے ہیں تتلیوں کی طرح
کب سے بیٹھا ہوا ہوں میں جانم
سادہ کاغذ پہ لکھ کے نام ترا
بس ترا نام ہی مکمل ہے
اس سے بہتر بھی نظم کیا ہوگی !

April 17, 2023

 ‏مجھ سے پہلے تجھے جس شخص نے چاہا اس نے 

شاید اب بھی ترا غم دل سے لگا رکھا ہو 

ایک بےنام سی امیدپہ اب بھی شاید 

اپنےخوابوں کے جزیروں کوسجارکھاہو 

میں نےماناکہ وہ بیگانۂ پیمان وفا 

کھوچکاہےجوکسی اور کی رعنائی میں 

شاید اب لوٹ کےآئےنہ تری محفل میں 

اورکوئی دکھ نہ رلائےتجھےتنہائی میں

April 15, 2023


ہے دعا یاد مگر حرف دعا یاد نہیں

میرے نغمات کو انداز نوا یاد نہیں


میں نے پلکوں سے در یار پہ دستک دی ہے

میں وہ سائل ہوں جسے کوئی صدا یاد نہیں


میں نے جن کے لیے راہوں میں بچھایا تھا لہو

ہم سے کہتے ہیں وہی عہد وفا یاد نہیں


کیسے بھر آئیں سر شام کسی کی آنکھیں

کیسے تھرائی چراغوں کی ضیا یاد نہیں


صرف دھندلائے ستاروں کی چمک دیکھی ہے

کب ہوا کون ہوا کس سے خفا یاد نہیں


زندگی جبر مسلسل کی طرح کاٹی ہے

جانے کس جرم کی پائی ہے سزا یاد نہیں


آؤ اک سجدہ کریں عالم مدہوشی میں

لوگ کہتے ہیں کہ ساغرؔ کو خدا یاد نہیں


ساغر صدیقی

April 12, 2023

 ‏کبھی اِس نگر تجھے دیکھنا، کبھی اُس نگر تجھے ڈھونڈنا

کبھی رات بھر تجھے سوچنا، کبھی رات بھر تجھے ڈھونڈنا


مجھے جا بجا تری جسُتجُو، تجھے ڈھونڈتا ہوں میں کوُبکو

کہاں کھل سکا ترے رو بُرو ،مرا اِس قدر تجھے ڈھونڈنا


مرا خواب تھا کہ خیال تھا، وہ عروج تھا کہ زوال تھا

کبھی عرش پر تجھے دیکھنا ،کبھی فرش پر تجھے ڈھونڈنا


یہاں ہر کسی سے ہی بیر ہے ، ترا شہر قریہء غیر ہے

یہاں سہل بھی تو نہں کوئی ،مرے بے خبر تجھے ڈھونڈنا


تری یاد آئی تو رو دیا ، جو توُ مل گیا تجھے کھو دیا

میرے سلسلے بھی عجیب ہیں ، تجھے چھوڑ کر تجھے ڈھونڈنا


یہ مری غزل کا کمال ہے کہ تری نظر کا جمال ہے

تجھے شعر شعر میں سوچنا، سر بام ودر تجھے ڈھونڈنا


April 10, 2023

 ‏میں آج زد پہ اگر ہوں تو خوش گمان نہ ہو. 

چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں

. فرازؔ اپنی جگر کاویوں پہ ناز نہ کر. 

کہ یہ متاع ہنر بھی سدا کسی کی نہیں ...

April 09, 2023

 ‏دائم پڑا ہوا ترے در پر نہیں ہوں میں

خاک ایسی زندگی پہ کہ پتھر نہیں ہوں میں


کیوں گردش مدام سے گھبرا نہ جاے دل

انسان ہوں پیالہ و ساغر نہیں ہوں میں


یارب زمانہ مجھ کو مٹاتا ہے کس لیے

لوح جہاں پہ حرف مکرر نہیں ہوں میں


مرزا غالب

April 07, 2023

 ‏زندگی سے لمبی ہے 

بات رت جگے کی ہے

راستے میں کیسے ہو 

بات تخلیئے کی ہے 

تخلیئے کی باتوں میں 

گفتگو اضافی ہے

پیار کرنے والوں کو 

بس اِک نگاہ کافی ہے

ہو سکے تو سُن جاؤ 

ایک روز اکیلے میں 

تم سے کیا کہیں جاناں 

اِس قدر جھمیلے میں


امجد اسلام امجد